حیدرآباد : برساتی پانی کی تاحال نکاسی نہ ہوسکی ، شہری محصور

152

 

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حیدرآباد کے کئی علاقوں سے بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، علاقہ مکین تاحال محصور، نظام زندگی مفلوج ہوگیا ،بازاروں میں کیچڑ اور گندگی کے باعث کاروبار متاثر حیدرآباد میں منگل کے روز بھی شہر کے متعدد علاقوں سے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی، لطیف آباد نمبر 2، 5، 8،10،11،12،جی او آر کالونی، مکرانی پاڑہ، حالی روڈ، گڈز ناکہ، اسلام آباد روڈ،نورانی بستی، پھلیلی، پریٹ آباد، حر کیمپ،سٹیزن کالونی ،بھٹائی نگر سمیت دیگر علاقوں میں پانی گلی ،محلوںاور اہم شاہراہوں پر بھی جمع ہے
جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی ہے جبکہ بازاروں میں گندگی وکیچڑ صاف نہ ہونے کے باعث کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے جو کہ مون سون سے قبل ہی ناکارہ ہوچکا تھا جس کے باعث اکثر علاقوں میںسیوریج کا پانی جمع رہتا تھااور اب بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے ۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبائی اور بلدیاتی اداروں کو دیے گئے فنڈز کی نیب سے تحقیقات کروائے اور ان علاقوں میں پانی کی نکاسی وصفائی کے عمل کو یقینی بنایاجائے ۔