ملک میں دہشتگردی بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، حسین محنتی

340

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا، بلوچستان اور کراچی سمیت ملک میں دہشت گردی کے واقعات بھارتی اور اسرائیلی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، آپریشن ضرب عضب اور آپریشن راہ نجات کے نتیجے میں ملک دشمن عناصر، دشمن ممالک کے اشاروں پر ملک کو عدم استحکام کا شکار اور پاک فوج اور عوام کا قتل عام کرنے والے ایسے دہشت گردوں کی کمر توڑدی گئی تھی جس کے بعد ان
علاقوں میں امن وامان اور عوام نے سکھ کا سانس لیا لیکن حالیہ چند مہینوں میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے درجنوں جوان شہید جبکہ عوام شدید بے چینی کا شکار ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم وجبر اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر جاری خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں دہشت گرد عناصر کی سرپرستی اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے ۔جماعت اسلامی ملک کے اندر کسی بھی قسم کے تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے ،پاک فوج کے جوانوں اور عام لوگوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ایسے عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، سیکورٹی اداروں ،قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو ان عناصر کا خاتمہ کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی ،مؤثر کارروائیاں کرکے پاک وطن کو امن کا گہوارہ اور عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب اور دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کرسکے۔ صوبائی امیر نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارہمدردی اور پاک فوج کے شہدا کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔