IATA کو پروازوں کی معطلی ختم کرانے پر قائل کرلینگے، پی آئی اے

171

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) انتظامیہ کا یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے یورپی ممالک میں پی آئی اے کی پروازوں کی آمد و رفت معطل کرنے کے اقدام کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ، اپیل کرنے کی مدت 30 اگست کو ختم ہوگئی، پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ائر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کو تمام حفاظتی اقدامات اور عالمی ادارے کی شرائط پوری کرنے کے حوالے سے قائل کرلیں گے، امید ہے پروازیں جلد بحال
ہوجائیں گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ آئی اے ٹی اے کے آپریشنل سیفٹی آڈٹ کی ٹیم کی جانب سے پی آئی اے کے آپریشنل انتظامات اور کنٹرول سسٹم کا جائزہ لینے کیلیے 7 ستمبر کو متوقع دورے کے تناظر میں کیا گیا ہے سیفٹی آڈٹ ٹیم یہاں 5 روز قیام کرے گی۔ ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ خان نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کو یقین ہے کہپی آئی اے انتظامیہ آئی اے ٹی اے کو تمام حفاظتی اقدامات اور قومی ائر لائن سے متعلق بین الاقوامی ادارے کی رکھی گئی تمام شرائط پوری کرنے کے حوالے سے قائل کرنے کیلیے بہتر پوزیشن میں ہو گی اور انہیں پروازوں کی معطلی کا فیصلہ واپس لینے پر قائل کرسکے گی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ای اے ایس اے میں اپیل نہ کرنے کے فیصلے کے حوالے سے محکمہ ہوا بازی کو آگاہ کردیا ہے۔