اسرائیلی کھدائیوں سے مسجد اقصیٰ کے صحن میں شگاف پڑ گیا

183

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مسجد اقصیٰ کی مرمت اور صفائی کرنے والے عملے نے انکشاف کیا ہے کہ مسجد کے صحن میں ایک بڑا شگاف پڑ گیا ہے اور اس مقام پر زمین دھنس رہی ہے۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے بڑی تعداد میں سرنگیں کھودی گئی ہیں اور یہ سلسلہ گزشتہ 2 برس سے جاری ہے۔ قبلہ اول کی انتظامیہ نے بار ہا خبردار کیا ہے کہ کھدائیوں کے نتیجے میں مسجد اقصیٰ خطرے سے دوچار ہوچکی ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب قابض صہیونی حکام کی طرف سے غرب اُردن کی تاریخی مسجد ابراہیمی میں نمازوں کی ادائی اور اذان پر پابندی کا اشتعال انگیز سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ ماہ مسجد ابراہیمی 50 مرتبہ اذان سے محروم رہی۔ فلسطینی وزارت اوقاف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے نام نہاد اور بے بنیاد دعووں کی آڑ میں مسجد ابراہیمی میں اذان اور نماز جیسے شعائر اسلام پرپابندی کا سلسلہ جاری رکھا۔