شام میں اسرائیلی بمباری ،خاتون شہری اور 10 فوجی ہلاک

174

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں 11 افراد مارے گئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق مرنے والوں میں ایران نواز ملیشیا کے 7 غیرملکی ارکان اور اسدی فوج کے 3 اہل کار شامل ہیں۔ جب کہ اس حملے میں ایک عورت بھی ماری گئی۔ تاہم اسد حکومت کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اسرائیلی حملے میں 2 افراد کی ہلاکت اور 7 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیل نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں دمشق شہر دھماکوں سے لرز اٹھا۔ اسدی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے داغے گئے کئی میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کردیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے اگست کے اوائل میں بھی اعلان کیا تھا کہ اس نے شام کے جنوب میں بشار الاسد حکومت کی فوج کے اہداف کے خلاف فضائی کارروائیاں کی ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں جولان کی پہاڑیوں کے جنوب میں دھماکا خیز آلات کی تنصیب کے جواب میں کی گئیں۔ ان حملوں میں جنگی ہیلی کاپٹروں اور طیاروں نے اسدی فوج کے اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔ اس دوران معلومات جمع کرنے کے مراکز، طیارہ شکن توپوں اور دیگر تنصیبات تباہ ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج شام میں بشارالاسد کے حلیف ایران، اس کے غیرملکی عناصر اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے خلاف گزشتہ کئی برس سے حملے کررہی ہے۔