حماس اور اسرائیل غزہ میں کشیدگی کم کرنے پر متفق

185

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی تحریک مزاحمت حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ کے علاقے میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ خبررساں ادارو ں کے مطابق قطری حکومت کی کوششوں سے پیش رفت ممکن ہوئی اور اسرائیل نے غزہ کی گزرگاہیں کھول کر بجلی اور ایندھن کی فراہمی بحال کردی ۔ حماس کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مفاہمتی سمجھوتے میں قطرکی جانب سے پیش کی جانے والی رقم میں 3.5 کروڑ ڈالر کا اضافہ شامل ہے،جو حماس سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں ملے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطین میں قطری سفیر محمد عمادی نے غزہ میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ یحییٰ سنوار سے ملاقات کی،جس میں انہوں نے تنظیم کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے اضافی امداد پر دوحہ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر عمادی نے اپنے ایک بیان میں حماس تنظیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے شہریوں کی مشکل صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے لیے تیار ہوگئی۔ واضح رہے کہ حماس او راسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران صہیونی طیارے 6 اگست سے غزہ پر روزانہ فضائی حملے کررہے تھے اور اس کے جواب میں حماس کے مزاحمت کار بارودی مواد سے لیس غباروں اور راکٹوں سے حملے کررہے تھے۔