تاجر کو پستول کی گولی بھیجنے والے بھتا خور سمیت 6 ملزمان گرفتار

433

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر ) پولیس کی شہر میں کارروائیاں بھتا خور سمیت 6ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ،منشیات اورموٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے موٹر ریوائنڈنگ ورکشاپ کے مالک کو دو لاکھ روپے بھتا وصولی کے لیے پستول کی گولی لفافے میں ڈال ورکشاپ کے باہر پھینکنے والے بھتا خور مہتاب علی کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق واردات کا ماسٹر مائنڈ عابد ورکشاپ مالک کا رشتے دار ہے۔ایس ایس پی سینٹرل رائواسلم عارف کے مطابق دونوںبھتا خور ملزمان ورکشاپ کے مالک کو مختلف نمبروں سے کالز اور مسیج کرتے تھے،ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جن کا سابق کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلیے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ SIU/CIA کے حوالے کردیا گیاہے۔ملیر سٹی سے پولیس نے مطلوب موٹرسائیکل لفٹرایوب کو مہران گوٹھ کے قریب کارروائی کے دوران گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق ملزم نے دوران انٹیروگیشن علاقے سے موٹرسائیکل چوری کرنے اور سستے داموں فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ سکھن پولیس نے اسٹریٹ کرائم ،منشیات فروشی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم سنی کو گرفتار کر کے اسلحہ ،ایک کلو چرس اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔گرفتار ملزم سنی نے ملیر سٹی اور ملحقہ آبادی میں ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیاہے۔قائد آباد پولیس نے مطلوب اسٹریٹ کرمنل ثناء اللہ عرف تیس بور کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ملیرسٹی پولیس نے دوران گشت منشیات فروشی میں ملوث ملزم اعظم کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی۔اس کے علاوہ بلوچ کالونی پولیس نے ملزم عبد اللہ یوسف کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول اور بلوچ کالونی سے سرقہ شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔