بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ 20کشمیری شہید کیے،8گھر نذر آتش

124

سرینگر (اے پی پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ کے دوران دو لڑکوں اور ایک خاتون سمیت 20کشمیریوں کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے منگل کو جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے دونوجوانوںکو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پرآنسو گیس ، گولیوں اور پیلٹ گنز سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 92 نوجوان شدید زخمی ہو گئے جبکہ
328 شہریوںکو جن میں بیشتر نوجوان ، کارکن اور طلباء شامل تھے کو گرفتار کرلیاگیا۔ ان میں سے اکثر کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کئے گئے ۔ فوجیوں نے گزشتہ ماہ کم سے کم 5 خواتین کی بے حرمتی کی اور 8 گھروں اور عمارتوںکو تباہ کردیا یا نقصان پہنچایا۔دوسری جانب کشمیر کے ضلع رام بن میں ایک بس دریائے چناب میں گرنے سے 9 افراد کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حادثہ پیر کی شب پیش آیا۔ادھرضلع رام بن میں متعدد مقامات پر شدید بارش کے باعث تودے گرنے سے 270 کلومیٹر طویل سرینگر جموں شاہراہ جو وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد ذریعہ ہے بند ہو گئی ہے ۔