وفاقی کابینہ: ادویہ کی تیاری میں منشیات کے استعمال کی مشروط اجازت

377

 

اسلام آباد ( خبر ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے ادویات کی تیاری کے لیے بھنگ اور دیگر منشیات کے استعمال کی مشروط اجازت دے دی‘ منشیات کا استعمال صرف سرطان کش ادویات کی تیاری میں کیا جا سکے گا‘ پنجاب، پختونخوا اور سندھ میں بھنگ کی کاشت کی جاسکے گی‘ وفاقی وزیر فواد چودھری کے مطابق پہلا لائسنس
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پی سی ایس آئی آر کو جاری کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے مزید بارش کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ انہوں نے کہا گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کراچی میں اوسط 3 گنا زیادہ بارش ہوئی‘ مون سون ہوائوں کا رخ بھارت کے بجائے غیر معمولی طور پر کراچی کی جانب تھا‘ کراچی میں مزید غیرمعمولی مون سون بارش ہو سکتی ہے‘ وزارت موسمیاتی برائے تبدیلی کی جانب سے موسم برسات کے دوران ملک بھر میں خصوصی اقدامات کی سفارش کی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان جمعے کے روز کراچی کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم کراچی کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کریںگے۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کو آئوٹ سورس کرنے کی اصولی منظوری دیدی۔ اجلاس میں بڑے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کے لیے ناموں کی منظوری دی گئی ۔ وفاقی کابینہ نے گزشتہ ای سی سی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی ۔کابینہ کمیٹی نجکاری کے مختلف کمپنیوں کی نجکاری کرنے کے فیصلہ کو موخر کردیاگیا‘ اسلام آباد کے مارگلہ روڈ پر قائم تجاوزات سے متعلق بریفنگ موخر کردی گئی ۔ اجلاس کے آغاز میں ہی اراکین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ بھنگ کے پودے کے طبی اور صنعتی استعمال کے لییکابینہ کی جانب سے پہلے لائسنس کی منظوری دے دی گئی‘ پہلا لائسنس وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پی سی ایس آئی آر کو جاری کیا گیا‘یہ تاریخی فیصلہ پاکستان کو یو ایس ڈالرز سی بی ڈی مارکیٹ میں جگہ دے گا۔