مکھیوں نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن کردی

905

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مون سون بارشوں نے شہر قائد میں تباہی مچانے کے بعد اب مکھیاں بھی شہریوں کو آزمانے چلی آئی ہیں۔

مون سون بارشوں کے بعد مکھیوں نے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، گھر ہو یا دکان ہر جگہ مکھیوں کا ہی بسیرا ہے۔

بارش کے بعد گندگی اور کچرے کے ڈھیر جگہ جگہ لگے ہیں اور اسی وجہ سے مکھیوں کی بہتات بھی دیکھنے میں آرہی ہے اور فروٹ یا سبزی کی دکان ہر جگہ مکھیوں کے کامیاب وار جاری ہیں۔

کراچی میں مکھیوں کی افزائش عذاب کی صورت اختیار کرگئی ہے،شہری اذیت میں مبتلا ہو گئے ،جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا گیا نہ گندگی اٹھانے کے اقدامات۔محکمہ صحت سندھ بھی خاموش ہے۔

مکھی دل نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے، آج کل شہر قائد میں جہاں نگاہ دوڑائیں ہر جانب مکھیاں ہی مکھیاں دکھائی دیتی ہیں۔شہری پریشان ہیں کہ حکومت سندھ یا شہری انتظامیہ نے اب تک شہر قائد میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا اور نہ ہی مکھیوں کی افزائش کی روک تھام کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔

مکھیوں سے نجات کے لیے جہاں فنائل کی فروخت میں اضافہ ہوا ہےوہیں سب سے زیادہ کیمیکل لگی چینی بھی فروخت ہونے لگی ہے۔جراثیم کش ادویات فروخت کرنے والے دکانداروں کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں سب سے زیادہ کیمیکل والی چینی کی فروخت کی جارہی ہے مکھیوں کی بہتات کی بنا پر کیمیکل والی چینی کی قلت ہوگئی ہے۔

پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ ہر جگہ مکھیوں سے پریشان ہوگئے ہیں، گاہک بھی مکھیوں کو فروٹ پر بیٹھا دیکھ کر چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

دکانداروں اور پتھارے داروں نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ مکھیوں کے وار کے چھٹکارا دلانے کے لیے اسپرے کیا جائے۔

مکھیوں نے جہاں دکانداروں کو پریشان کیا ہے تو وہاں گھروں میں موجود افراد بھی محفوظ نہیں ہیں اگر اسپرے نہ کیا گیا تو نتائج بیماریوں کی صورت میں بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

دوسری جانب حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں عید قرباں اور بارش کے بعد جراثیم کش ادویات کا اسپرے نہ ہونا بھی مکھیوں کی افزائش کا بڑا سبب ہے۔