کراچی کی ترقی کیلئے پاک فوج  کی مکمل حمایت حاصل ہوگی، آرمی چیف

722

کراچی :چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا کہنا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے بنائے گئے پروگرام کو پاک فوج  کی مکمل حمایت حاصل ہوگی،عوامی نوعیت کی جگہوں،زیادہ متاثرہ علاقوں پرکام کوترجیح دی جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات ابلاغ عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے، کور ہیڈکوارٹر پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف کو کراچی میں بدترین سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو سندھ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ سے تعاون پر بھی بریفنگ دی گئی۔

حکام کی جانب سے کراچی میں آبادی کے بے ہنگم پھیلاؤاور انفرا اسٹریکچر کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کراچی میں امدادی سرگرمیوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی قدرتی آفات کا مقابلہ کوئی شہر نہیں کرسکتا، ہمارا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں، درست ترجیحات ہیں، وفاق اور صوبائی حکومتوں کے مستقبل کے منصوبوں میں فوج تعاون کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات ترجیحات درست کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں، ترجیحات درست کر کے بڑے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے، کراچی کیلئے پروگرام کو پاک فوج کی مکمل حمایت ہوگی۔

آرمی چیف نے زیادہ متاثرہ علاقوں میں امداد سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کا استعمال زیادہ متاثرہ علاقوں میں ہونا چاہیئے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی گیریزن میں ریٹائرڈ و حاضر سروس فوجی افسران سے بھی ملاقات کی۔