مقدسات کی توہین کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،لیاقت بلوچ

315

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عشرہ محرم ، یوم عاشور امن و امان اور تقدس و احترام سے گزر ا ہے ۔ اہل سنت و اہل تشیع جماعتوں نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا ، لیکن چند شرپسند افرا د نے غلیظ زبان ، دل آزاری اور مقدسات کی توہین کی ۔ایسی کالی بھیڑوں کو اپنی صفوں سے نکالا جائے اور قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ ملک میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی بنیاد مضبوط ہے ۔ چند شر پسند احمقوں کی وجہ سے اجتماعی ماحول خراب نہیں کرنے دیا جائے گا ۔ اہل ایمان اعمال میں جتنے بھی کمزور ہوں لیکن اللہ ، رسول ؐ ، قرآن ، صحابہ کرام ؓ ، اہل بیت خصوصاً خلفائے راشدین ؓ کی توہین یا تضحیک برداشت نہیں کرسکتے ۔ اہل سنت اور اہل تشیع علما اور قائدین اپنا دینی اور قومی فریضہ ادا کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پی ٹی آئی ، پی پی پی ، مسلم لیگ اور سرکار مل کر 22 کروڑ عوام کو آئی ایم ایف ، ایف اے ٹی
ایف کے احکامات کا غلام بنا رہے ہیں ۔ عوام مہنگائی ، بیروزگاری ، کساد بازاری ، افراط زر اور پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافے سے تنگ آ چکے ہیں ۔ عوام کو آئینی موشگافیوں ، وفاق اور صوبوں کے درمیان نورا کشتی اور فرقہ ورانہ دہشت و وحشت کی آگ میں جان بوجھ کر دھکیلا جارہاہے ۔ محب دین ، محب وطن ، انسانیت دوست قوتیں متحد ہو جائیں اور بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا حکومت اور سیاسی قیادت کو مسترد کردیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ شدید بارشوں ، طغیانی کی پیش گوئی ، محکمہ موسمیات کی رپورٹس تو بہت پہلے آ چکی تھیں لیکن وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور سرکاری ادارے مجرمانہ غفلت کی نیند سوئے رہے اور کرپٹ سرکاری اداروں نے عوام کو برباد کردیا ۔ اقتصادی ، سماجی ، سماوی آفات سے بچائو کے لیے مستقل منظم قومی ایکشن پلان ملک و ملت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔