وفاق کسانوں کے قرضے اور ٹیکس معاف کرے،سندھ حکومت

398

کراچی (نمائندہ جسارت)صوبائی نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق کسانوں کے زرعی قرض اور ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کرے۔ صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت متاثرہ 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے چکی،متاثرہ فصلوں کے صوبائی زرعی ٹیکس معاف کیے جائیں گے۔ کھاد، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے زراعت ناممکن بنا دی ہے، کاشتکار مقروض در مقروض ہوتا جارہا ہے، وزیراعظم سندھ میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کے زرعی قرض اور ٹیکس کی معافی کا اعلان کریں، حالیہ بارشوں سے کپاس، ٹماٹر، مرچ اور دیگر کیش کراپس مکمل ختم ہو چکے ہیں، چاول،گنا اور باغات کو بھی شدید نقصان ہوا ہے۔ اسماعیل راہو نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے پرانے زرعی قرضوں کی وصولی میں ایک سال کی چھوٹ دی جائے، کاشتکاروں کو بغیر سْود اور آسان شرائط پرنئے قرضے دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو بحرانوں، مصیبتوں، وبا اور آفات کے سوا دیا ہی کیا ہے؟