ٹنڈو جام:طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب ،فصلوں کو شدید نقصان

433

ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) ٹنڈو جام میں مسلسل تیز برسات کے بعد شہر کے بازار اور گلیاں برساتی پانی میں ڈوب گئیں، دکانوں اور مکانوں میں پانی داخل، فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ۔ ٹنڈو جام میں تیز مسلسل برسات کی وجہ سے ٹنڈو جام کے تمام بازار بارش کے پانی میں ڈوب گئے اور برسات کا پانی دکانوں اور مکانوں میں داخل ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹنڈو جام میں برساتی پانی کے جوہڑوں پر قبضہ ہونے کی وجہ سے برسات کا اور سیوریج کا پانی زرعی زمینوں میں چھوڑ دیا جاتا ہے لیکن مسلسل برسات کی وجہ سے زمینداروں کا کہنا ہے کہ اگر شہر کا برساتی پانی ان کی زمین میں چھوڑا گیا تو ان کی فصلیں بالکل تباہ ہوجائیں گی جبکہ کپاس کی فصل پہلے ہی تباہی کا شکار ہے۔ بلدیاتی ادارے ختم ہونے کی وجہ سے شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی نظر نہیں آرہا، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بجلی کا نظام درہم ہے، شہر کے چھے علاقوں کے ٹرانسفارمر جلے ہوئے ہیں جو ابھی تک نہیں لگائے گئے۔ حیسکو ذرائع کا کہنا ہے ان کے پاس نئے ٹرانسفارمر ہی نہیں جس کی وجہ سے نہیں لگائے جارہے۔ جبکہ علاقہ مکین بجلی نہ ہونے کی وجہ شدید مسائل کا سامنا کر رہے ہیں لیکن کوئی ان کی سننے والا اور مسائل حل کرنے والا نہیں۔ برسات کی وجہ سے مزید انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح روہے کہ پہلے ہونے والی برسات کا پانی ابھی تک نشیبی اور دیہاتی علاقوں سے نکالا نہیں جاسکا کہ ان علاقوں میں پھر برسات کا پانی جمع ہوگیا۔ عوامی حلقوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع حیدر آباد کو بھی آفت زدہ قرار دے کر برساتی پانی علاقوں اور زرعی زمینوں سے نکالنے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ ان کی فصلیں تباہی سے بچ سکیں۔