قاسم آباد کے اکثر علاقوں میں ٹرانسفارمر جلے ہوئے ہیں

457

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدر آباد کا قاسم آباد فیز ون کا ایک ہفتے سے جلا ٹرانسفارمر تبدیل نہ کرنے اور سب ڈویژن ون حیسکو قاسم آباد کے ایس ڈی او امتیاز میمن، ایل ایس غلام نبی کھوسو کی جانب سے بارش میں تعاون نہ کرتے ہوئے کرپشن مافیا کا کردار ادا کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدر آباد کے چیئرمین شاہد سومرو نے کہا کہ مجھ سمیت محلے کے مکینوں نے قاسم آباد فیز ون کے جلے ہوئے ٹرانسفارمر تبدیلی کا مطالبہ کیا تو ان دونوں عملداروں نے کہا کہ قاسم آباد کے اکثر علاقوں میں ٹرانسفارمر جلے ہوئے ہیں اور ٹرانسفارمر مرمت کرنے والے حیسکو کے پرائیویٹ ایجنٹ امین پنجابی کی طرف سے یہ کہہ کر روانہ کیا کہ آپ کا ایک کوئل جلا ہوا ہے، پندرہ ہزار کے عوض آپ کا ٹرانسفارمر درست ہوجائے گا جبکہ ٹرانسفارمر مرمت کی مد میں امین پنجابی نے 50 ہزار روپے کی ڈیمانڈ کی، بعد میں افسران کے کہنے پر 25 ہزار روپے میں مرمت کی مد میں فیز ون کے مکینوں نے ادا کیے جس کے بعد بھی ٹرانسفارمر نہیں لگایا جارہا، جبکہ علاقے میں پینے کے پانی کی سخت کمی ہے، کرپٹ ایس ڈی او امتیاز میمن نے آفس کا عقبی گیٹ بند کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ہم حیسکو چیف سے کرپٹ ترین ایس ڈی او امتیاز میمن قاسم آباد کی برطرفی کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں اور سب ڈویژن قاسم آباد کے عقبی دروازے کھولنے سمیت قاسم آباد کے مختلف علاقوں کے ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے عوض رشوت ستانی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔