توہین صحابہؓ کیخلاف سید عبد الرشید کی سندھ اسمبلی میں قرارداد

416

کراچی (نمائندہ جسارت) رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید کی جانب سے یوم عاشور کے جلوس میں صحابہ ؓ کی شان میں گستاخی کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی، پریڈی تھانے کی حدود میں تبت سینٹر کے مقام پر تقی جعفری نامی شرپسند نے صحابہ کرام ؓ کی شان میںگستاخی کی ہے جو مذہبی رواداری کو ختم کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے جس نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کیا ہے ،قرارداد میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر تقی جعفری اور اس واقعے میں ملوث دیگر افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزاد ی جائے۔نبی مہربان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صحابہ ؓ کے بارے میں فرمایا ہے میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں، لہٰذا سندھ اسمبلی کا یہ ایوان شان صحابہؓ کے بارے میں کسی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کرے گا۔ سید عبدالرشیدکا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شان صحابہؓ پر جان قربان گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی حکومت جلد سے جلد ملوث افراد کو گرفتار کرے اور آئندہ اس طرح کی حرکات نہ ہو ں اس کو یقینی بنائے یہ حکومتی ذمے داری ہے کہ ملک میں انتشار کا سبب بننے والی تمام چیزوں کو روکے۔