ڈاکٹروں نے اجازت دی تو پہلی پرواز سے وطن پہنچوں گا،نوازشریف 

221

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد پہلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔ن لیگ کے تاحیات قائد نے ایون فیلڈ اور  العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں حاضری سے استثنا کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔سابق وزیراعظم نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بیماری کی وجہ سے بیرون ملک زیر علاج ہوں، بیماری کی وجہ سے حاضر نہیں ہوسکتا لہٰذا استثنا دیا جائے۔نوازشریف کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باعث لندن میں علاج تاخیر کا شکار ہوا، ڈاکٹروں نے تاحال پاکستان سفر کی اجازت نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو ضمانت میں توسیع کے لیے میڈیکل رپورٹ اور دیگر دستاویزات دیں لیکن پنجاب حکومت نے مذموم مقاصد کے لیے ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔قائد مسلم لیگ ن نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ وکیل نے مشورہ دیا کہ عدالت میں پیش ہوئے بغیر فیصلہ چیلنج کرنے کا کوئی فائدہ نہ ہو گا، پاکستان واپس نہ آنے کے باعث پنجاب حکومت کا ضمانت میں توسیع کافیصلہ چیلنج نہیں کر سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی بھجوا دی جو ریکارڈ پر لائی جائے گی۔