حیدرآباد میں بارش سے صورتحال مزید خراب ،نظام زندگی مفلوج

622
حیدر آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث گڈز ناکہ روڈ دریا کا منظر پیش کررہا ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد میں بارشوں سے صورتحال مزید خراب۔پیر کے روز ہونے والی بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی،نظام زندگی مفلوج،تجارتی مراکز بند ،حیسکو کی جانب سے بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، نکاسی آب کی بیشتر مشینیں بند ہوگئی، پانی گھروں میں داخل۔ حیدرآباد میں نواور دس محرم کو ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پیر کے روز صبح ہی سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث بازاروں، سڑکوں گلی محلوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ پہلے سے برسات اور سیوریج کے پانی میں ڈوبے ہوئے علاقوں میں پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی اورمہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی،لطیف آباد نمبر11,2,12,4.7 , ریلوے لائن، ریلوے کالونی، امریکن کوارٹرز، حالی روڈ،خواجہ غریب نواز کالونی، مکرانی پاڑہ، گرونگر، اسلام آباد،گجراتی پاڑہ، سرکاری کالونیوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔شدید متاثرہ علاقوں میں فوج کی جانب سے نکاسی آب اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھی گئیں جبکہ الخدمت کی جانب سے بھی متاثرین میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔رین ایمرجنسی کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے نمائشی اقدامات کے علاوہ کچھ دیکھنے میں نہیں آیا۔ پوری شہری زندگی مفلوج ہے جبکہ انتظامیہ غائب ہے ۔