دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ،کچے کے علاقے خالی کرانیکی ہدایت

533

نواب شاہ( رپورٹ محمد عامر شیخ)ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابرار احمد جعفر نے امکانی سیلاب کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں شہید بینظیرآباد کی حدود سے دریائے سندھ کے مختلف بندوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایکسین آبپاشی نیاز احمد میمن،اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد عبدالقدیر، اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ سلیم احمد جتوئی اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ساتھ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تعلقہ قاضی احمد اور تعلقہ سکرنڈ کے محراب پور،مڈ بند، لاکھاٹ بند سمیت مختلف بچاؤ بندوں کا تفصیلی دورہ کرکے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور محکمہ آبپاشی کے افسران کو حفاظتی بندوں کی نگرانی اور مضبوطی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کی جاری بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ہے اس لیے دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں کو مظبوط کرنے کے لیے پہلے ہی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں حساس بندوں پر نگرانی کے لیے عملہ مقرر کیا جائے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ اور قاضی احمد کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کچے میں رہنے والے افراد کو پکے پر منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جائیں جبکہ کچے کے علاقوں میں رہنے والے افراد کو وارننگ دی جائے کہ ایک ہفتے کے اندر تمام افراد پکے پر منتقل ہوجائیں۔