گرین بیلٹس سے قبضے کے خاتمے کیلیے کارروائیاں کی جائیں

168

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدرایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری رانا عمر فاروق ، یوسی 47 کے عبدالرحمن انصاری، یوسی 58 کے چودھری سلیم گجر، یوسی 57کے ٹھیکیدار غلام مرتضیٰ، یوسی 49 کے محمدفرمان مالک، یوسی55کے توصیف احمد خاں عرف ٹیپو خاں،یوسی 59کے وقا ص ڈوگر، یوسی60 کے غلام محمدعطا اور دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فیصل آباد میں پی ایچ اے حکام نے بااثر قبضہ مافیا کے آگے گھٹنے ٹیک دیے۔ مدینہ ٹائون، سوساں روڈ، سمندری روڈ، کینال روڈ، منصورآباد، غلام محمد آباد، نڑوالا روڈ، جڑانوالہ روڈ اور ستیانہ روڈ سمیت شہر کی مختلف شاہراہوں اور محلوں میں واقع گرین بیلٹس پر قائم قبضے ختم کروانے میں پی ایچ اے حکام ناکام ہوگئے ہیں،منصورآباد گرین بیلٹس پر بااثر قبضہ مافیا نے باقاعدہ پختہ دکانیں قائم کرکے مستقل کاروباری پوائنٹس بنارکھے ہیں جبکہ کینال روڈ سمندری روڈ اور جڑانوالہ روڈ پر آٹو ورکشاپس مالکان کی جانب سے گرین بیلٹس کو آٹو ورکشاپس کا روم دے رکھا ہے۔ اسی طرح سوساں روڈ، سمن آباد، ڈی ٹائپ کالونی، غلام محمد آباد اور دیگر علاقوں میں ہوٹلز مالکان کی جانب سے مذکورہ جگہوں کو فوڈ اسٹریٹس کا روپ دیا جاچکا ہے جبکہ فیلڈ میں کام کرنے والے پی ایچ اے حکام کی جانب سے گرین بیلٹس کا قبضہ ختم کروانے کے بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔ قبضہ ختم نہ ہونے سے شہر کی نہ صرف خوبصورتی ماند پڑتی جارہی ہے بلکہ شجرکاری نہ ہونے کی وجہ سے فضائی آلودگی میں بھی دن بدن اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بیلٹس سے قبضے کے خاتمے کیلیے جلد مستقل کارروائیاں شروع کی جائیں گی تاکہ شہر کی کھوئی ہوئی خوبصورتی واپس لوٹائی جاسکے۔