حق کی سربلندی کیلیے ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے ، ذکر اللہ مجاہد

329

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ غلبہ اسلام اور حق کی سربلندی کے لیے ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا نام حسینیت ہے۔ حسینیت حق و سچ اور یزیدیت باطل اور ظلم کا نام ہے۔ واقعہ کربلا دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا اسلامی انقلاب ہے جو ہمیں اسلامی حکومت کے قیام اور غلبہ دین کے لیے جدوجہد اور یزیدی قوتوں کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زون 163 میں بابر شہید مسجد میں شہادت حضرت حسینؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ نواسہ رسولﷺ حضرت حسینؓ نے اپنے چند جانثاروں کے ساتھ باطل کے ساتھ ٹکرا کر رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کو یہ درس دیا کہ حق والے کتنی ہی کم تعداد میں کیوں نہ ہوں باطل ان پر کبھی غالب نہیں آسکتا، حالات کتنے ہی کشیدہ کیوں نہ ہو ں حق اور سچ کا ساتھ دینے والے اور غلبہ دین کے لیے جدوجہد کرنے والے کبھی یزیدی طاقتوں کے سامنے سر نہیں جھکا سکتے، یہی کربلا کا پیغام ہے اور یہی حضرت حسین ؓ کی تعلیمات کا خلاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حسینی مشن کی وارث ہے اور غلبہ دین کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق و باطل کا معرکہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا۔ موجودہ حالات میں کشمیر اور فلسطین میں یزیدی قوتیں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور کرفیو کو 393 دن گزر گئے ہیں۔ مودی سرکار یزیدی شکل اختیار کیے کشمیری مسلمانوں پر بدترین ریاستی دہشت گردی کرکے کربلا برپا کیے ہوئے ہے، کشمیر کی افسوس ناک صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں و عالمی ضمیر کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکرہے۔