کراچی کو ہماری ضرورت ہے ، پنجاب بڑے پیکیج کا اعلان کرے ، شہباز شریف

144

 

لاہور( نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کل (بدھ کو) کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔دورہ کراچی کے دوران شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کو کراچی میں ریلیف سرگرمیاں کی ہدایات دیں گے۔اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے بارشوں اور سیلابی صورتحال پر قوم سے نوافل ادا کرنے کی اپیل کر دی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جس کا انحصار پورے ملک پر ہے،آج کراچی کوہماری ضرورت ہے وفاق اور صوبوں کو آگے آنا چاہیے باالخصوص صوبہ پنجاب کو بڑے بھائی ہونے کے ناطے سندھ کیلیے بڑا پیکج کا اعلان کر نا چاہیے ۔مشکلات سے دوچار
پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہمیں کچھ لمحے کیلیے سیاست کو سائیڈ پر کرنا ہوگا ،کراچی کے باسی مشکل میں ہیں ہم سب کو جا کرانھیں گلے لگانا چاہیے۔