اسلامی نظام ہی موجودہ تمام مسائل کا حل ہے ،حسین محنتی

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ دیانتدار قیادت اوراسلام کا عادلانہ نظام ہی موجودہ تمام مسائل کا حل ہے ۔سیدناامام حسین ؓ نے اسی عادلانہ نظام کے لیے اپنے خاندان و ساتھیوں سمیت جدوجہدو شہادت کے راستے کا انتخاب کیا۔کوئی بھی تحریک یا تبدیلی قربانی مانگتی ہے۔پاکستان میں حقیقی تبدیلی اوراسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفی مسجد گارڈن میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔محمد حسین محنتی نے
کہاکہ حالیہ مون سون کی بارشوںنے حکومت کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا ہے،معیشت کی صورتحال پہلے ہی خراب تھی کوروناوائرس اورمون سون کی بارشوں نے مزید تباہی مچادی ہے ۔کرپشن اورفرسودہ نظام نے عوام کو مزیدمسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ملک کے سب سے بڑے شہر و دارالحکومت کراچی میں تاحال پوش علاقوں سے بھی پانی نہیں نکالاجاسکاہے۔عوام اس ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں مگرکوئی دادفریاد سننے والا نہیں۔اس لیے دیانتداراوراسلام کا عادلانہ نظام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔صوبائی امیر نے ساحلی پٹی سمیت سندھ میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میںقیمتی انسانی جانوں و فصلوں سمیت املاک کے نقصان پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے زوردیاہے کہ متاثرین کی امداد اورمانیٹرنگ سیل قائم کیاجائے۔