حکمرانوں نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، راشد نسیم

163

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بڑے خوشنما نعروں کے ساتھ آئی تھی مگر نااہل حکمرانوں نے عوام کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیاہے ۔ حکمرانوں کے دعوے اور وعدے ہوا میں تحلیل ہوگئے اور عوام کی تمام توقعات تمنائوں میں بدل گئی ہیں ۔ کرپشن سے پاک پاکستان اور احتساب سب کاکی آرزو صرف جماعت اسلامی پوری کر سکتی ہے ۔ کربلا کے واقعے نے ثابت کر دیاہے کہ حق کو مٹایا نہیں
جاسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامعۃ العلوم ملتان میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی بظاہر چھوٹی جماعت ہے اور پارلیمنٹ میں اس کی سیٹیوں کی تعداد بہت کم ہے ، مگر پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ، ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور ملک کا اسلامی تشخص بحال رکھنے میں جماعت اسلامی کا کردار بڑا نمایاں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی امیدوں پر صرف جماعت اسلامی پورا اتر سکتی ہے ۔