مارکیٹوں سے فی الفور پانی نکالاجائے، اسمال ٹریڈرز

204

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد ،سینئر نائب صدرسید لیاقت علی، جاوید حاجی عبداللہ، عثمان شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کے بعد فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی مارکیٹوں سے برساتی اورسیوریج کے پانی کی فوراً نکاسی کا انتظام کیا جائے اور کراچی کی سڑکوں پر گڑھوںکی فوراً مرمت کا کام شروع کیا جائے ۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر 72 گھنٹے میں مارکیٹوں سے برساتی پانی کی نکاسی اورسڑکوں کی
فوری مرمت نہ کی گئی تو احتجاجی تحریک شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پانی بھرنے کی وجہ سے تقریباً12 دن سے تاجروں کا کاروبار مکمل بند ہے اور انہیں کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے نیز سڑکوں میں گڑھے پڑجانے کی وجہ سے ہزاروں لوگ روزانہ زخمی ہو رہے ہیں ۔ باربرداری کی گاڑیوں کاچلنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے اس لیے فوری طور پر سڑکوں کی مرمت کی جائے ۔تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے تمام اضلاع کے اندر ریلیف کمشنر زکا تقرر کیا جائے اور نقصان کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر ہنگامی بنیادپر کام شروع کرکے تاجروں کے نقصانات کو پورا کرنے کے انتظامات کیے جائیں اور انہیں بلا سود قرضے بھی فراہم کیے جائیں۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی کے تاجر لاک ڈائون کی وجہ سے پہلے بھی 3 ماہ کاروباری بندش کا شکار رہے ہیں جس کے باعث بہت سے تاجر دیوالیہ ہوچکے ہیں اور مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں اب بارش کی ناگہانی آفت نے ان کے لیے نئی مشکلات لاکھڑی کی ہیں۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ریلیف کے کاموں اور کراچی کو دوبارہ تعمیر کرنے کے سلسلے میں تاجروں کو آن بورڈ لیا جائے اور کراچی چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے کر ترقیاتی کام شروع کیے جائیں۔