سوڈان میں 17 سال سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کا معاہدہ

239
سوڈان: رہنما جنگ بندی معاہدے کی دستاویز لہرا رہے ہیں

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان حکومت اور انقلابی محاذ میں شامل 4 مسلح تنظیموں کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا، جس کے بعد ملک میں گزشتہ 17 سال سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حکومت او مسلح گروپوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا عرب ممالک کے علاوہ عالمی سطح پر بھی خیر مقدم کیا گیا ہے۔ اہم معاہدے پر دستخط کے لیے گزشتہ روز جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا میں تقریب کا انقاد کیا گیا، جس میں فریقین کے نمائندے شریک ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق معاہدے میں شامل فریقین نے 17 سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے 8 نکاتی معاہدے کی منظوری دی ہے، جس میں سلامتی، زمین کے تنازع، منصفانہ انتقال اقتدار، متاثرین کے لیے معاوضے، مویشیوں اور زراعت پیشہ آبادی کی ترقی، وسائل کی تقسیم اور اقتدار اور اختیارات میں پناہ گزینوں کو شامل کرنے جیسے نکات شامل ہیں۔ توقع ہے کہ ابتدائی منظوری کے بعد معاہدے پر سوڈان کے عبوری وزیراعظم عبداللہ حمدوک، جنوبی سوڈان کے صدر سلفاکیر، عسکری گروپوں کے نمایندے اور غیر ملکی رہ نما بھی دستخط کریں گے۔ واضح رہے کہ شمالی سوڈان کے وزیر اعظم حمدوک ایک روز قبل ہی اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ساتھ جوبا پہنچ چکے ہیں۔