ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم ،شہری ہلاک

457
پورٹ لینڈ (امریکا): صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سفید فام نسل پرست حامی ریلی نکال رہے ہیں‘ پولیس صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے‘ گولیوں کا نشانہ بننے والے شہری کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے‘ اہل کار نوجوان کو گرفتار کررہے ہیں

سیلم (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں صدر ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پورٹ لینڈ میں صدر ٹرمپ کے حامیوں اورمخالفین کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہونے سے شہر میں امن و امان کی صورت حال مخدوش ہوگئی ہے۔ ادھر پولیس نے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر کی نہ واقعات کے بارے میں کوئی بیان جاری کیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی حامیوں کی ریلی شہر سے مارچ کرتے ہوئے باہر نکلی تھی،جس کے کچھ ہی دیر بعد ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کرنے کی خبر سامنے آئی۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ واردات سے متعلق اگر کسی کے پاس کوئی وڈیو، تصویر ہو یا کوئی عینی شاہد ہو تو وہ آگاہ کرے اور تفتیش میں پولیس کی مدد کرے۔ ملک بھر میں جاری تحریک ’بلیک لائیو میٹر‘کے دوران اس گروہ کا مظاہرین کے ساتھ کئی بار تصادم ہوچکاہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے سیاسی حریف جوبائیڈن اپنے سیاسی مفاد کے لیے حالات کو سنبھالنے کے بجائے ایک دوسرے پر الزام لگانے میں مصروف ہیں۔