یمن سے سعودی ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام

285

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی جنگ میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی معاونت کرنے والے عرب عسکری اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں ابہا شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب آنے والا ڈرون طیارہ تباہ کر دیا گیا ہے۔ عرب اتحاد نے یمنی باغیوں کی حالیہ کارروائی کو کھلی دہشت گردی اور وحشیانہ عمل قرار دیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ اتوار کے روز کیے جانے والے حملے کا مقصد مسافروں میں خوف و ہراس پیدا کرنا تھا، تاہم حوثیوں کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ یمن سے داغے گئے ڈرون طیارے کی تباہی کے نتیجے میں اس کے ٹکڑے زمین پر گرے، تاہم اس واقعے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ عرب اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ علاوہ ازیں اس دہشت گرد کارروائی میں ملوث عناصر کا بین الاقوامی قوانین کے مطابق احتساب کیا جائے گا۔ المالکی کے بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ عرب اتحاد کی مشترکہ افواج نے جس ڈرون طیارے کو تباہ کیا وہ گولہ بارود سے بھرا ہوا تھا۔