جرمنی میں تعینات سفیر لبنان کے نئے وزیر اعظم نامزد

474

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں تعینات لبنا ن کے سفیر مصطفی ادیب کو ملک کا نیا وزیر اعظم نامزد کردیا گیا ہے جب کہ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے انہیں اہم جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہو گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کی جانب سے دورۂ بیروت کا اعلان ہوتے ہی لبنان میں سیاسی سرگرمیاں اچانک ہی تیز ہو گئیں۔ اس دوران سابق وزیر اعظم سعد حریری کی مستقبل پارٹی، حزب اللہ اور عمل تحریک کی جانب سے مصطفی ادیب کی بطور وزیر حمایت سامنے آنے کے بعد صدر میشال عون نے انہیں حکومت بنانے باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔ فرانسیسی صدر دفتر کے مطابق عمانویل ماکروں نے اتوار کے روز مصطفی ادیب سے فون پر رابطہ کیا اور ان سے دورۂ بیروت سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ کی سیاسی حلیف کرسچن فری پیٹریاٹک موومنٹ (ایف پی ایم)، جس کی تشکیل صدر میشال عون نے کی تھی اور جس کی قیادت اب ان کے داماد جبران باسل کے ہاتھوں میں ہے، نے بھی مصطفی ادیب کی حمایت کی ہے۔واضح رہے کہ فرانسیسی صدر آج سرکاری دورے پر بیروت پہنچیں گے۔