چھوٹے کریانہ اسٹورز کو فنانسنگ فراہم کی جائے گی

498

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) میزان بینک نے ایم ایس ایم ایز(چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار)کوشریعہ کے مطابق ڈیجیٹل فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے فنجا کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ فنجااسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی سے ریگولیٹڈ ملک کا پہلافن ٹیک ہے ۔ مقامی چھوٹے کاروبار ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس شعبے کو مالیاتی شعبے تک محدود رسائی حاصل ہے۔ کورونا وائرس کی وبائی مرض کے پھیلتے ہی صارفین کی بڑی تعداد محفوظ طریقے سے خریداری کرنے کے لیے بڑے بڑے گروسری اسٹورز جانے کے بجائے قریبی کریانہ اسٹورزکو ترجیح دینے لگی۔ ان چھوٹے کریانہ اسٹورز کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو دیکھتے ہوئے میزان بینک نے یہ محسوس کیا کہ اس شعبے کو اپنی سیلز کو بہتر بنانے اور کاروباری نمو حاصل کرنے کے لیے مالی اعانت کی اشد ضرورت ہے۔ میزان بینک اور فنجا کے درمیان شراکت داری سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباراسلامک فنانسنگ سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ مالی اعانت کا لین دین ڈیجیٹل اور رئیل ٹائم میں کیا جائے گا اور ایک بار منظورہوجانے پر فنانسنگ کی رقم میزان اسمارٹ والیٹ اکائونٹ میں جمع ہوجائے گی۔
فنجا کا ڈیجیٹل ایکو سسٹم اس عمل کوآسان، کریڈٹ کی تشخیص اور فیصلہ سازی کے نظام کو تیز کرے گا۔ یہ نظام اہلیت کے مختلف مراحل کے ذریعے خطرات کا جائزہ لے کر بینک کے رسک کے معیار پر عمل درآمداور فنانسنگ فراہم کرنے کے فیصلوں کو یقینی بنائے گا جس کے بعد صارفین کوبغیر کسی تاخیر کے اسلامک فنانسنگ فراہم کردی جائے گی۔ ریٹیلرز اور اس کے نتیجے میں ڈسٹری بیوٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اس شراکت داری سے تمام سپلائی چین ایکو سسٹم کو فائدہ ہوگا۔ فنجاکے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کو فائونڈر کثیف شاہد نے اس موقع پر کہاکہ ایک مختصر مدّت میں ہم نے متعدد شہروں میں 5000سے زائد تاجروںکے ساتھ کاروباری تعلقات قائم کیے ہیں اوبطور این بی ایف سی (نان بینکنگ فنانشل کارپوریشن ) اس شعبے کو مختصر مدّت کے 500ملین روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے ہیں ۔ اس طبقے سے نہایت مثبت ردعمل آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک مضبوط پورٹ فولیوتشکیل پائے گا۔ اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے کہاکہ میزان بینک کو اس بات کا احساس ہے کہ اس مشکل وقت میں چھوٹے کاروباری طبقے کو بروقت مالی اعانت فراہم کرنا کتنا ضروری ہے۔ فنجا کے ساتھ شراکت داری سے ہم صارفین کو تیز اور آسان طریقے سے شریعہ کے مطابق فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے سپلائی چین شعبے کو ترقی دینے کیلئے پیش خیمہ کے طورپر کام کرسکیں گے۔