انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

303

مانچسٹر (جسارت نیوز)انگلینڈ نے 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو بآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ نے 196 رنز کا ہدف 19.1 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، مورگن کو میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ محمد حفیظ کے 69 اور بابر اعظم کے 56 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ اتوار کو مانچسٹر میں انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری جب فخر زمان 22 گیندوں پر36 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور محمد حفیظ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 112رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر بابر اعظم 56 رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بنے۔ انہوں نے 44 گیندوں کا سامنا کیا اور7 چوکے لگائے۔ محمد حفیظ صرف 36 گیندوں پر 69 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5چوکے شامل تھے۔ شعیب ملک صرف 14 رنز بنا سکے جبکہ افتخار احمد 8 اور شاداب خان صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف19.1 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی طرف سے کپتان مورگن33 گیندوں پر 66 ، جونی بیئرسٹو 24 گیندوں پر 44 ، بینٹن 16 گیندوں پر 20، سام بلنگز5 گیندوں پر 10رنزاور معین علی 2 گیندوں پر ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ میلن 36 گیندوں پر 54 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور حارث رئوف نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کے کپتان مورگن کو 66 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایورارڈ دیا گیا۔ انگلینڈ کو 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی۔ پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔