پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد ۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو حتمی شکل دی جائے ، عمران خان

375
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان سے امریکن بزنس کونسل کا وفد ملاقات کررہا ہے

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کی تجویز مسترد کر دی ۔انہوںنے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں موجودہ حالات میں عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے مستقل حل کے لیے ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میںوزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی (وڈیو لنک) گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری و سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیراعظم کو شہر قائد کے مسائل، پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات اور ان مسائل کے مستقل حل کے لیے مجوزہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔عمران خان نے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کراچی میں
سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔مزید برآں وزیراعظم سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے پیر کوملاقات کی ہے۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری و دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنا اور منافع بخش کاروبار کے لیے موافق فضاکی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، موجودہ حکومت نے ترجیحاتی بنیادوں پر تعمیرات کے شعبے کے لیے مراعات کا اعلان کیا تاکہ تعمیرات اور اس سے وابستہ صنعتوں کا فروغ ممکن بنایا جا سکے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ ایسی کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کیا جا سکے۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز اور رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد نے ملاقات کی۔