جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کے حملے میں 3 جوان شہید ، 4 زخمی

179

 

راولپنڈی/بنوں( آن لائن) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 فوجی جوان شہیداور 4زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی شناخت صوبیدار ندیم، لانس نائیک مصور اور سپاہی سلیم شامل
ہیں۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا اس دوران 2درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی گئی ۔دوسری جانب دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے حاضر سروس ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جلیل خان زخمو ں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں شہید ہو گئے۔ جلیل خان ڈیرہ اسماعیل خان میں 7محرم الحرام کے روز ظفر آباد کالونی میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہو ئے تھے اور اُن کے سینے میں گولیاں لگی تھیں ، اُنہیں زخمی حالت میں بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور ڈی ایم ایچ منتقل کیا گیا تھا ، جہاں وہ 5روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جانبر نہ ہو سکے ۔ ان کی نماز ہ جنازہ آ بائی گاؤں نار شکر اللہ آج صبح 10بجے آ دا کی جائے گی ۔