ملیر ندی سے متصل گوٹھوں کے متاثرین کو متبادل جگہ دی جائے ، حافظ نعیم

194
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ملیر ندی سے متصل بارش سے متاثرہ گوٹھوں کا دورہ اور مکینوں سے گفتگو کررہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ ملیر ندی سے متصل یارمحمد گوٹھ، صالح محمد گوٹھ اور کوہی گوٹھ کے بارش کے متاثرین کو متبادل جگہ اور ان کو معاوضہ دیا جائے، حالیہ بارشوں نے حکمرانوں کی نااہلی کو ثابت کردیا ہے اور پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی چائنا کٹنگ کو بھی بے نقاب کردیا جنہوں نے نالوں کے اوپر مکانات فروخت کیے، موجودہ
حکومت نے انتخابات سے قبل کروڑوں نوکریوں اور لاکھوں مکانات دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اُلٹا ہزاروں لوگوں کو بے روزگاراور بے گھرکردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ بارشوں میں متاثر ہونے والے ملیر کے نزدیک واقع یار محمد گوٹھ،صالح محمد گوٹھ اور کوہی گوٹھ کے دورے کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلع ملیر کے امیر محمد اسلام ، سیکرٹری مفخر علی ،قدر گل، کامران نواز ،نذیر خان بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے بارش کے پانی میں گھرے ہوئے متاثرہ مکینوں سے ملاقات کی۔مکینوں کے حالات اور مسائل سے آگاہی حاصل کی،متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور الخدمت کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور امداد کی یقین دہانی کرائی اورحکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت و لاپروائی کی شدید مذمت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں جو مسلسل متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہیں ،جماعت اسلامی نے ہر مشکل حالات میں ثابت کیا ہے کہ جماعت محض نمائشی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت پر یقین رکھتی ہے ،جماعت اسلامی کو شہر کی خدمت کا موقع ملا تو جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اپنے اختیارات و وسائل سے بڑھ کر عوام کی بے لوث خدمت کی اور آج بھی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود عوام کے درمیان موجود ہیں اور خدمت کررہے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ آج سیاسی مخالفین بھی جماعت اسلامی کے کاموں کا نہ صرف اعتراف کرتے ہیں بلکہ کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت و ریاست کی ذمے داری ہے کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرے لیکن بدقسمتی سے ہم پر ایسے حکمران مسلط ہوگئے ہیں جو ندیوں کے ارد گردزمین تک فروخت کردیتے ہیںاور عوام مہنگائی کے دورمیں رہائش کے لیے مجبوراً خریدلیتے ہیںاورجب کوئی پریشانی یا آسمانی آفت آتی ہے تووعدے اور دعوے کرنے والے لوگ غائب ہوجاتے ہیں ، اب حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ متاثرین کو متبادل جگہیں دی جائیں اور ان کو معاوضہ دیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ الخدمت کے تحت ڈیزاسٹر سیل موجود ہے اور جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو ڈیزاسٹر سیل کے تحت ٹریننگ دی جائے گی تاکہ ایسے واقعات سے نمٹا جاسکے ۔نوجوان ڈیزاسٹر سیل کا حصہ بنیں اور خیر کے کاموں میں تعاون کریں۔