کراچی میں بارش سے سڑکیں دھنس گئیں‘ ٹریفک جام

272

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں حالیہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں جمع پانی اور متعدد اہم شاہراہیں دھنس جانے کے سبب ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ضلع وسطی کے علاقے 10نمبرلیاقت آباد،غریب آباد، ناظم آباد، لسبیلہ ، تین ہٹی،ڈاکخانہ کی سڑکیں دھنس گئیں۔تاہم متبادل راستہ نہ ہونے سے شہریوں کو ٹریفک جام کا سامناکرناپڑا۔ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ پولو گرائونڈ کے سامنے کی سڑک کا ایک ٹریک دھنس گیا،جس کی وجہ سے وہاں ٹرالرپھنس گیا۔پولیس نے متاثرہ ٹریک کوٹریفک کے لیے بند کردیاہے۔دوسری جانب شاہین کمپلیکس سے
گورنر ہائوس جانے والی سڑک ، ایوان صدر روڈ ، گرومندر سے مزار قائد جانے والی سڑک، ایم اے جناح روڈ، ناز پلازہ سے تبت سینٹر جانے والی سڑک پر سیوریج کا تاحال پانی جمع ہے۔شہر میں بارش کے بعد ابلنے والے نالوں سے نکلنے والا کچرا اٹھانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔جس سے شہریوں کو پریشانی کا شدید سامنا ہے۔