بارش متاثرین کی مدد کیلیے گورنرپنجاب آج سندھ کا دورہ کرینگے

129

لاہور(نمائندہ جسارت)گورنر پنجاب چودھری محمد سرورتاجر برادری اور فلاحی تنظیموں کے ساتھ آج منگل کے روز سندھ کا 2روزہ دورہ کریں گے، سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے 10 ہزار غریب خاندانوں کو مکانات کی بحالی کیلیے خصوصی پیکج دیا جائے گا۔ وہ لاہور میں فرینڈز آف پاکستان کے چیئر مین گوہر اعجاز اور اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے کراچی اور سندھ کے غریب عوام کو مالی امداد کے ساتھ راشن بھی فراہم کرینگے، فرینڈز آف پاکستان کے ساتھ کراچی اور سندھ
کے دیگر اضلاع کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیں گے،گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر حکومتی شخصیات سے بھی ملاقات ہو گی۔اْنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بہت جلد کراچی کا دورہ کرینگے، تمام وفاقی ادارے کراچی سمیت سندھ میں ریلیف کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف پاکستان سندھ کے مختلف اضلاع میں 10 ہزار ایسے مکانات جو کہ 5 مرلے سے کم ہیں اور وہ سیلاب یا بار ش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں ان کی بحالی کے لیے بھر پور سپورٹ فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ گورنر پنجاب کی قیادت میں ہم انسانیت کی خدمت کے کراچی اور سندھ جارہے ہیں۔