شاہد آفریدی کا وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ

321

سابق کپتان شاہد آفریدی نے تیسرے ٹی 20 میں وہاب ریاض کوشامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان گزشتہ روز کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ پر اپنے پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم کی شکست پربہت دکھ ہوا۔

سابق کپتان نے کہا کہ قومی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اچھا اسکور بنایا لیکن بالنگ سائیڈ ناکام رہی۔

شاہدآفریدی نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کے لیے کہا کہ وہاب ریاض کو ٹی 20 میچز کا تجربہ ہے اس لیے وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے ۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے نصف سنچریاں اسکور کی۔ محمد حفیظ نے 69 اور بابر اعظم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن اور ڈیوڈ میلان نے 112 رنز کی شراکت قائم کی، مورگن 33 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے لیکن ڈیوڈ میلان وکٹ پر موجود رہے اور آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا مار کر ٹیم کو فتح دلوادی۔