دوسرا ٹی ٹوئنٹی:انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی

572

مانچسٹر: تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دوسرے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے ۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے نصف سنچریاں اسکور کی۔ محمد حفیظ نے 69 اور بابر اعظم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 2 اور کرس جورڈن اور ٹوم کورون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے بھی 66 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا، انگلینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جونی بیرسٹو تھے جو کہ 24 گیندوں پر 44 رنزبنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔

اگلی ہی گیند پر ٹام بینٹن بھی شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ، انہوں نے ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان اوئن مورگن اور ڈیوڈ میلان نے 112 رنز کی شراکت قائم کی، مورگن 33 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد سیم بلینگز اور معین علی بالترتیب 10 اور ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈیوڈ میلان وکٹ پر موجود رہے اور آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا مار کر ٹیم کو فتح دلوادی، میلان نے ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور حارث روؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔