سفارت کار مصطفیٰ ادیب لبنان کے نئے وزیراعظم نامزد

620

 لبنانی سابقہ وزرائے اعظم کے ایک بااثر گروہ نے ملک کی اگلی حکومت کی سربراہی کے لئے بہت کم جانے والے سفارت کار مصطفٰی ادیب کو منتخب کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی میں لبنان کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے والے مصطفیٰ ادیب کو نیا وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔

چار سابق وزرائے اعظم کا گروپ لبنان کی پارلیمنٹ میں سنی مسلم ارکان اسمبلی کی سب سے بڑی تعداد کی نمائندگی کرتا ہے  جس میں سابق وزیر اعظم سعد حریری کے مستقبل موومنٹ بلاک بھی شامل ہے۔

ان کی حمایت کو وزیر اعظم کی کامیابی کے لئے ضروری سمجھا جاتا ہے  جو لبنان کے فرقہ وارانہ اقتدار میں شریک ہونے والے معاہدے کے تحت ہمیشہ سنی ہی رہنا چاہئے۔

واضح رہے کہ کئی ماہ سے سیاسی عدم استحکام کے شکار عرب ملک لبنان میں بندرگاہ پر ہونے والے ہول ناک دھماکوں کے بعد 10 اگست کو حکومت نے عوامی اور بین الاقوامی دباؤ میں آکر استعفا دے دیا تھا۔

لبنانی وزیراعظم حسان دیاب نے اپنی کابینہ کے اجلاس کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے صدارتی محل جا کر صدر میشال عون کو اپنا استعفا پیش کردیا، جسے صدر نے قبول بھی کرلیا۔