کراچی بارش کی تباہ کاریاں، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

849

کراچی: شہرقائد  میں بارش کی تباہ کاریوں کے باعث پاک فوج کے جوانوں کا ریسکیو آپریشن شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔

پاک فوج کی ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں 32ایمرجنسی میڈیکل اور 56ریلیف کیمپ کام کررہے ہیں،قیوم آباد میں آرمی میڈیکل کور کے فیلڈ اسپتال کام کررہے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سرجانی اور سعدی ٹاؤن میں بھی آرمی میڈیکل کور کے فیلڈ اسپتال کام کررہے ہیں،آرمی انجینئرز نے گزری انڈر پاس کو کلیئرکردیا،2روز میں کے پی ٹی، سوک سینٹر،محسن بھوپالی،گولیمار انڈر پاس کو کلیئر کردیاگیاہے۔

ترجمان نے کہاکہ مختلف مقامات سے نکاسی آب کا عمل جاری ہے، بارش میں خراب ہونیوالی گاڑیوں کو آرمی کی گاڑیاں منتقل کررہی ہیں،متاثرہ افراد کو کھانا بھی فراہم کیا جارہاہے۔

دوسری جانب پاک بحریہ کے نوجوانوں نے بھی کراچی اور بدین کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے،سول انتظامیہ کے ساتھ بدین میں ایل پی اوڈی نہر کے شگاف کی مرمت کی اور مختلف مقامات سے پانی بھی نکالا۔

بدین میں پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ میں مزید ڈاکٹرز اور طبی عملہ تعینات کردیا ہے،مختلف قائم ریلیف کیمپس میں مقیم خاندانوں میں پاک بحریہ کی جانب سے راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔