بارش کی تباہی میں متاثرہ لوگوں کی مدد الخدمت نے کی،حافظ نعیم الرحمن

546
حقوق کراچی کارواں“ساڑھے تین کروڑ عوام کا حقیقی ترجمان ہوگا، حافظ نعیم

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں بارش کی تباہی میں بھی الخدمت کے رضاکاروں نے  متاثرہ لوگوں کی مدد  کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی کے عوام کی خدمت سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی نے کی ہے، عوام کو اب کی بار سوچ سمجھ کر دیانت دار لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا،جماعت اسلامی نے ہر مشکل حالات میں ثابت کیا ہے کہ جماعت محض نمائشی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ بارش نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی چائنا کٹنگ کو بھی بے نقاب کردیا جنہوں نے نالوں پر مکانات فروخت کیے ہیں،موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو بے روزگار اور چھت سے بھی محروم کردیا ہے۔

امیر کراچی  نے مزید کہا کہ موسلا دھار بارش کے بعد نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث نالے بھر گئے، نالوں میں اب بھی کچرا موجود ہے لیکن صفائی کے لیے کسی قسم کے کوئی انتظامات نظر نہیں آتے،سرجانی ٹاؤن میں لوگ چھتوں پر بیٹھے تھے،فلاحی ادارے عوام کی مدد نہ کرتے تو کراچی والوں کو پوچھنے والا کوئی نہ تھا۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ کراچی 95فیصدر ریونیو اکھٹا کرکے دیتا ہے،لیکن آج تک پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف سمیت کسی نے شہرقائد کی عوام کے لیے کچھ نہیں کیا،وزیر اعظم نے کراچی کے لیے 162ارب کے پیکج کا اعلان کیا تھا ،وزیر اعظم عمران خان ہرد فعہ کراچی آکر ایک نیا اعلان کرکے جاتے ہیں، لیکن آج تک عوام کوکوئی سہولیات فراہم نہیں  کی گئیں،میئر کراچی وسیم اختر نے بھی مزے سے 4سال مکمل کیے لیکن جن چیزوں پر اختیارات تھا وہ کام بھی پورے نہیں کیے۔