فرقہ ورانہ مواد نشر کرنے پر چینل 24 کا لائسنس معطل

1010

اسلام آباد: پاکستان الیٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے فرقہ ورانہ مواد نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل 24 نیوز کا لائسنس معطل کردیا ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 10 محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن کے دوران چینل 24 نیوز نے صحابہ کرام سے متعلق نفرت آمیز مواد نشر کیا تھا، جس پر چینل کا لائسنس فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ پیمرا نے اس حوالے سے 20 اگست کو تمام ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی تھیں، جس میں انہیں ایسا مواد جو کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو ٹھیس پہنچائے یا نفرت انگیزی اور فرقہ واریت پر مبنی ہو، اسے نشر نہ  کیا جائے، تاہم سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیوٹ لمیٹڈ نے نفرت انگیز مواد بغیر کسی ایڈیٹوریل کنٹرول کے نشر کیا، جو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

پیمرا نے کہا کہ انہیں توہین آمیز مواد نشر کرنے کیخلاف شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے پیمرا قوانین کی شق 30(3) کے تحت چینل کا لائسنس معطل کردیا ہے کیوں کہ نشر کیے گئے نفرت انگیز مواد سے ملک بھر میں نقص امن کا اندیشہ ہے۔

مزید برآں پیمرا نے چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیا ہے، اور اسے14 روز میں موقف پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔