بارش صوبائی و شہری حکومتوں کے دعوے بہا کر لے گئی ،حافظ طاہر مجید

104

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ حالیہ بارش صوبائی و شہری حکومتوں کے تمام دعوؤں کو بہا کر لے گئی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے باوجود احتیاطی تدابیر اور پانی کے نکاس کے لیے ممکنہ اقدامات بروئے کار نہ لانا صوبائی، شہری اور وفاقی حکومت کی نااہلی و نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسلسل طوفانی بارشوں کے نتیجے میں نہ صرف کچی آبادیاں بلکہ پوش ایریاز میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے لیکن انتظامیہ کہیں بھی دکھائی نہیں دی۔جماعت اسلامی کے کارکن الخدمت کے رضاکاروں کے ساتھ ملکر بارش متاثرین کی بھرپور مدد میں کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے کالونی کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید ، جنرل سیکرٹری الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد نعیم عباسی ، سلیم خان و دیگر کے ہمراہ ریلوے کالونی کے گھروں میں پکا پکایا کھانا بھی تقسیم کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی تو آج اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ جب ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارالحکومت کراچی بارش کے پانی میں ڈوب گیا، معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، تو پھر سندھ کے باقی اضلاع کے عوام کس اذیت سے دوچار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کالونی اور دیگر علاقوں میں 4روز گزرجانے کے باوجود بارش کا پانی نہیں نکالا گیا یہ حکومت کی بے حسی ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نکاسی آب اور متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد سے لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔