کراچی کے 3 بڑے مسئلے حل کرنے میں سندھ حکومت سے تعانون کریں گے،وزیراعظم

201

اسلام آباد(اے پی پی )وزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کے 3 اہم مسائل حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری جن حالات اور کرب سے دوچار ہیں اسے پوری قوم محسوس کر رہی ہے، اس تباہی اور تکالیف کے بیچ اب ایک مثبت پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کے 3 بڑے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے تمام نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی، پانی کی نکاسی میں حائل اور آبی گزر گاہوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی جیسے اہم مسئلے کو حل بھی کیا جائے گا۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون کی مثبت پیش رفت کو سراہا ہے۔ ہفتے کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران کی جانب سے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے قبل ازیں کیے گئے ٹویٹس کے بارے میں کہا کہ وفاقی اور سند ھ کی صوبائی حکومت کے درمیان اشتراک کار کا فیصلہ مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے مون سون کی وجہ سے کراچی کے موجودہ بحران کے حل میں مدد ملے گی بلکہ اس سے مستقبل کی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس مثبت پیش رفت اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون سے موجودہ شدید ترین بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مستقبل میں نکاسی آب کے نالوں ، سیوریج ٹریٹمنٹ ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، صاف پانی فراہمی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ فیصلے کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور دیگر سندھ کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔