ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کانام حسینیت ہے،محمد حسین محنتی

105

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ غلبہ اسلام کے لیے کھڑے ہونے ،ظالم اورظلم کے خلاف ڈٹ جانے کانام حسینیت ہے۔ واقعہ کربلا درس انقلاب ہے جو اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد اور یزیدی صفت حکمرانوں کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ نے
اپنے خاندان سمیت دین حق کے لیے جام شہادت نوش کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے مگر ظلم کی نہیں،حسینیت غلبہ اسلام کی تحریک کا نام ہے۔ انسانیت اور اسلام کے دشمنوں نے آج کشمیر، برما، فلسطین سمیت پوری دنیا میں ظلم سے معرکہ کربلا برپا کررکھا ہے اس لیے حق وسچ کا ساتھ اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہی پیغام شہادت حسینؓ ہے۔انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ حق وباطل کا معرکہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور کرفیو کو 13 ماہ گزرگئے یہ بدترین ریاستی دہشت گردی ہے، کشمیر کی افسوس ناک صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیمیں وعالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکرہے۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ کربلا ہمیں اسلام کے غلبے اور نتائج کی پروا کیے بغیر باطل سے ٹکرانے کا درس دینے کے ساتھ اس کے راستے میں آنے والی تمام تر مشکلات میں صبر و استقامت ،ایثار وقربانی کی تاکید کرتا ہے۔صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اور علما کرام کی ذمے داری بنتی ہے کہ یوم عاشور سمیت محرم الحرام میں قیام امن اور تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو یقینی بنایا جائے۔