نوابشاہ ،برسات اور سیم نالے کے پانی سے فصلیں تباہ

169

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) بوچھیری کے قریب گائوں اللہ بخش عباسی میں برسات اور سیم نالے کے پانی سے سیکڑوں ایکڑ پر گنے اور کپاس کی فصل تباہ ہوگئی، گائوں میں آنے جانے کے راستے بھی کٹ گئے، گائوں والوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت اور ضلعی انتظامہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد سے جلد پانی کی نکاسی کی جائے۔ اس حوالے سے مکینوں عبدالواحد عباسی، سیٹھ بشیر آرائیں نے بتایاکہ چار روز قبل دوڑ شہر کے ایل بی او ڈی سیم نالے میں پڑنے والے شگاف کا پانی مختلف علاقوں سے نہیں نکالا جاسکا، دوڑ شہر کے قریب سے گزرنے والے ایل بی او ڈی سیم نالے میں 4 روز قبل پڑنے والے شگاف کا پانی رضا آباد کالونی اور متصل علاقوں میں داخل ہوگیا تھا جو 4 روز گزرنے کے باوجود نہ نکالنے کیخلاف علاقہ مکینوں نے رات گئے نوابشاہ سے سکھر جانے والے مہران ہائی وے پر احتجاج کیا۔ علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ 4 روز گزرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے رہائشی علاقوں سے سیلابی پانی نہ نکالنا انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ احتجاج کے باعث سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔