لاڑکانہ، مختلف مقامات سے بارش کا پانی نہیں نکالا گیا

99

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں تین روز تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش کے بعد تاحال شہر کے مختلف مقامات سے بارش کا پانی نہیں نکالا گیا، گزشتہ روز لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں درجہ حرارت 32 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ اور آس پاس کے علاقوں میں اگلے جمعہ تک بارش کے انتہائی کم امکانات کم ہیں جبکہ 3 روز میں وقفے وقفے سے شہر میں 124 جبکہ موہن جو دڑو میں 182 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب بارش کا پانی کھڑا رہنے کے باعث جمعہ کی نماز کے اجتماعات میں نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میونسپل عملے کی جانب سے صفائی کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے جعفری امام بارگاہ کے متولی فواد جعفری کا کہنا تھا کہ گندا پانی جمع ہونے کے باعث نمازیوں کی تعداد میں کمی رہی جبکہ گزشتہ چار روز سے مجالس میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے احتجاج بھی ریکارڈ کروائے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد امام بارگاہوں کے باہر جمع برساتی پانی اور جوہڑوں کا خاتمہ کرکے صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر بنایا جائے۔