سندھ حکومت نے عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا، شفقت علی شاہ

139

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صوبائی رہنما و ضلع سکھر کے صدر سید شفقت علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت سندھ میں حالیہ دنوں میں بارشوں کی تباہی نے ثابت کردیا ہے انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، جوھی، میرپور خاص، ڈوکری، حیدرآباد اور دیگر اضلاع اور دیہات میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران ہزاروں لوگ اور مویشی پھنسے ہوئے ہیں اور سندھ حکومت کے نااہل حکمران دفاتر اور گھروں میں بیٹھ کر بلند و بانگ دعوے کررہے ہیں۔ سندھ کے لوگ پہلے ہی پریشان حال تھے، اب مزید مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں مگر سندھ حکومت کا کہی نام و نشان نظر نہیں آرہا ہے۔ سید شفقت علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی حکومت نے عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے، سندھ حکومت شہری و ضلعی حکومتوں کے نمائندگان بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ پی پی نمائندگان صرف فوٹو سیشن اور اخباری بیانات تک محدود ہیں۔ فنکشنل لیگ سندھ حکومت کی ایسی عوام دشمن پالیسیوں کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے، اس کے کارکنان سندھ کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مصیبت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ہر مکمن ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشش کریں گے۔