کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بزنس کمیونٹی سے لیاجائے‘ چیئرمین آباد

107

کراچی(نمائندہ جسارت) شہر کی بزنس کمیونٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بزنس کمیونٹی سے لیاجائے،شہر کے ترقیاتی کاموں کے لیے بدعنوانی سے پاک بہترین قائد کی ضرورت ہے،بد انتظامی ،بدعنوانی کے باعث بارش سے شہر کنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے ،کراچی کو ترقیاتی کاموں کے لیے بڑے پیکج کی ضرورت ہے،شہری وزیر اعظم کے اقدامات کا انتظا کررہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر طارق حلیم نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ برسوں کے دوران ترقیاتی کام نہ ہونے سے بارش نے شہر کا حلیہ تبدیل کردیا ہے ،وزیراعظم عمران خان فوری طور پر کراچی کی جانب توجہ دیں ۔ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیوپلرز (آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کا نیا ایڈ منسٹریٹر بزنس کمیونٹی سے لیا جائے،آباد کراچی کے بحالی کے منصوبے میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔محسن شیخانی نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کا اعتماد کھوچکی ہیں،ان کی گزشتہ 20برس کی کارکردگی سے عوام میں مایوسی ہے ، لہٰذا مثبت نتائج کے حصول کے لیے انتظامی امور میں نجی شعبے سے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے) کا وائس چیئرمین بزنس مین ایس ایم عمران کو مقرر کرنے کے بعدایل ڈی اے کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اورایس ایم عمران نے وائس چیئرمین مقرر ہونے کے بعد کئی عشروں سے التوا کا شکار راوی ریورسائیڈ منصوبہ بحال کیا اور کوئی بھی بلڈرز اور ڈیولپرز ایل ڈی اے سے45 دنوں میں این او سی حاصل کرسکتا ہے۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمرریحان نے کہا کہ کراچی کو ایسے ایڈمنسٹریٹر کی ضرورت ہے جو شہر کے زخموں پر مرہم رکھ سکے اور اپنی مختصر مدت میں شہر کے مسائل کو کم کرنے پر توجہ دے۔کراچی کلب کے سابق صدر اورکے سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر حنیف لاکھانی نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے پہلے سے بدحال کراچی کو مزید ادھیڑ کر رکھ دیا ہے اور بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کی رخصتی کے بعد کراچی کوایسے ڈاکٹر کی ضرورت ہے جو اسے بہتر دوا کے ساتھ صحتیاب کرے۔انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ کراچی کی بہتری وفاقی اور صوبائی حکومت اور سیاسی جماعتوں کے مفادمیںہے اس لیے سب ملکر اس شہر کی بہتری کے لیے کام کریں۔