سجاول، بارش متاثرین ڈپٹی کمشنر کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

313

سجاول (نمائندہ جسارت) سجاول ضلع میں کچی آبادیوں کے رہائشی بارش سے متاثرہ غریب لوگ اپنے گھروں کی عورتوں اور بچوں سمیت سڑکوں پر نکل آئے۔ سجاول کے مختلف شہروں میں ڈپٹی کمشنر سجاول کیخلاف مظاہرے اور دھرنے دیے گئے۔ ضلع سجاول کے شہر چوہڑ جمالی، میر پور بٹہورو اور سجاول شہر کے مختلف وارڈوں کے رہائشیوں نے نااہل ڈپٹی کمشنر سجاول سمیت ضلعی انتظامیہ، ٹائون کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور کونسلروں کیخلاف جلوس نکالے اور دھرنے دیے۔ وزیر اعلیٰ سندھ، کمشنر حیدر آباد سے مطالبہ کیا۔ گزشتہ ایک ہفتے سے سجاول ضلع میں مسلسل سیلابی باشوں میں جہاں کروڑوں کی آبادی کا نقصان ہوا ہے، وہاں شہر کی کچی آبادیوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ہفتے کے دن ضلع سجاول کے شہر چوہڑ جمالی کے وارڈ 5 کے رہائشیوں نے گھروں سے بارش کا پانی نہ نکالنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مین روڈ پر ٹائر جلاکر روڈ بلاک کردیا اور بعد میں دھرنا دے کر بیٹھہ گئے جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔ اس موقع پر سجاول کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر نااہل انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔ دوسری جانب چوہڑ جمالی ہی کے وارڈ 4 کے مکینوں نے بھی بارشوں کا پانی نکاسی نہ ہونے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں صدیق میرانی، حاجی رفیق میمن اور دیگر نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے سے مسلسل بارش نے تباہی مچادی ہے، جس کے باعث پانی گھروں میں موجود ہے، ضلع سجاول کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ہمارے گھروں سے پانی نہیں نکالا جارہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وارڈ 4 میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنا کر پانی نکالا جائے۔ دریں اثنا سجاول شہر کے وارڈ نمبر 4 کی رہائشی عورتوں اور بچوں نے گھروں سے بارش کا پانی نہ نکلنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔اس موقعے پر متاثرین نے سجاول کے ڈپٹی کمشنر اور ٹائون کمیٹی کے چیئرمین اور کونسلروں کیخلاف نعرے بازی کی۔ علاوہ ازیں سجاول ضلع کے شہر میر بٹہورو میں واٹر سپلائی محلہ اور مہر شاہ محلے کے مکینوں نے بھی بارش کا پانی ان کے محلوں میں جمع ہونے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور سجاول ضلع کے ڈپٹی کمشنر کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ اور کمشنر حیدر آباد سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں سے فوری طور پانی نکالنے کا انتظام کیا جائے۔